26 نومبر ، 2019
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے اسٹیون اسمتھ کو 4 رنز کے انفرادی اسکور پر بولڈ کیا اور انہوں نے وکٹ کا جشن منفرد انداز میں منایا۔
یاسر شاہ نے اسمتھ کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد انگلیوں سے 7 کے ہندسے کا اشارہ کیا ۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ یاسر شاہ نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے اور ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں نمبر 1 بلے باز کو ٹیسٹ میں ساتویں مرتبہ آؤٹ کیا تھا۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اسٹیون اسمتھ کا کہنا تھا کہ وہ اب یاسر شاہ کے خلاف مزید احتیاط کریں گے اور پوری کوشش کریں گے کہ کوئی غلطی نہ کریں۔
اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ برسبین ٹیسٹ میں 4 رنز پر وکٹ گنوانے کے بعد خود کو سزا دینے کے لیے اسٹیڈیم سے بس کے ذریعے ہوٹل جانے کے بجائے 3 کلومیٹر بھاگ کر ہوٹل پہنچے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں جب بھی بیٹنگ میں ناکام ہوتا ہوں تو خود کو سزا دیتا ہوں اور جب میں سنچری کرتا ہوں تو انعام کے طور پر رات کو چاکلیٹ کھاتا ہوں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے فاٹ بولر اسٹیورٹ براڈ 24 ٹیسٹ میچوں میں اسمتھ کو 8 مرتبہ آؤٹ کرچکے ہیں جب کہ یاسر شاہ نے صرف 6 ٹیسٹ میچوں میں اسمتھ کو 7 مرتبہ آؤٹ کیا ہے۔