Time 26 نومبر ، 2019
پاکستان

وفاق بلدیہ عظمیٰ کراچی کو براہ راست فنڈنگ پر رضا مند،سندھ حکومت کی مخالفت

وفاقی حکومت نے بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی ) کو براہ راست فنڈنگ پر رضا مندی ظاہر کردی ہے جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کے اقدام کی مخالفت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) اورپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اسلام آباد میں بیٹھک رنگ لے آئی ہے اور  وفاق کراچی اور حیدرآباد کی بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز فراہم کرنے پر راضی ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اہم فیصلہ اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ہوا، وفاقی حکومت نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو 2 ارب جب کہ حیدرآباد کی بلدیاتی حکومت کو 50 کروڑ روپے دینے کی حامی بھری ہے۔

دوسری جانب  وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاق من پسند اتحادی کو جوڑے رکھنے کے لیے فنڈز فراہم کرے گا تو مخالفت کریں گے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت کراچی میں زیرالتوا ترقیاتی منصوبوں کے لیے ساڑھے8 ارب روپے سندھ انفراسٹرکچر ڈولپمنٹ کمپنی کو جاری کرچکی ہے، جس میں سے 2 ارب روپے گرین لائن اور بقیہ رقم میٹرک بورڈ سگنل فری کوریڈور، نشتر روڈ اور منگھوپیر روڈ کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔

مزید خبریں :