پاکستان
Time 28 نومبر ، 2019

فروغ نسیم کو دوبارہ وزارت قانون کا قلمدان دینے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق سینیٹر فروغ نسیم جمعے کو ایوان صدر میں بطور وزیر قانون حلف اٹھائیں گے— فوٹو:فائل

حکومت نے سینیٹر فروغ نسیم کو دوبارہ وفاقی وزیر قانون بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایوان بالا کے رکن سینیٹر فروغ نسیم جمعے کو ایوان صدر میں بطور وزیر قانون حلف اٹھائیں گے۔

یاد رہے کہ فروغ نسیم نے 26 نومبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاکہ وہ سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پیروی کرسکیں۔

مستعفی ہونے کے بعد بیرسٹر فروغ نسیم آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور مقدمے کی پیروی کی۔

سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد فروغ نسیم کو دوبارہ وفاقی وزیر قانون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا جس کے بعد کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے نوٹی فکیشن معطل ہونے پر فروغ نسیم پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع کا معاملہ طے ہوچکا تھا تو اس ضمن میں تمام لوازمات پورے کیوں نہیں کیے گئے۔

مزید خبریں :