دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے گائے کے ساتھ انوکھا تجربہ

فوٹو: بشکریہ انڈیا ٹائمز

ورچوئل رئیلیٹی تفریح حاصل کرنے اور لطف اندوز ہونے کا ایک دلچسپ طریقہ سمجھا جاتا ہے لیکن اب سائنسدانوں کا یہ ماننا ہے کہ اس دلچسپ طریقے کو جانوروں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

روس کے دارالحکومت ماسکو کے کسانوں نے گائے پر ایک تجربہ کیا جس میں انہوں نے گائے کو وی آر چشمہ پہنایا،گائے کو وی آر چشمہ پہنانے کے بعد ان کا مزاج بہتر ہوا اور اس سے گائے کے دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

گائے کو وی آر چشموں میں گھاس سے بھرے میدان، قدرتی اور خوشگوار مناظر کی تصاویر مسلسل دکھائی گئیں جس کے بعد گائے کی دودھ کی پیداوار میں پہلے کے مقابلے اضافہ بھی دیکھنے میں آیا۔

فوٹو: بشکریہ انڈیا ٹائمز

ان وی آر ہیڈسیٹ کو خاص طور پر گائے کے لیے آرام سے آنکھوں پر فکس ہونے کے حوالے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس وی آر ہیڈسیٹ میں چلنے والا ڈسپلے گائے کی آنکھوں کے حساب سے تیار کیا گیا ہے جو کہ حقیقت سے بے حد قریب تر لگے۔

دوسری جانب ان مناظر کے رنگ اور روشنی کو بھی گائے کی نظروں کے حساب سے بنایا گیا ہے۔

اس تجربے کے مثبت نتائج سامنے آئے جس میں وی آر ہیڈسیٹ میں دکھائی جانے والی تصاویر نے گائے کی بے چینی اور دباؤ کی کیفیت کو کم کیا۔

اگرچہ اس پر مزید تحقیق کی جارہی ہے اور فی الحال دودھ کی پیداوار میں اضافے کی وجہ مکمل طور پر سامنے نہیں آئی ہے۔

لیکن سائنسدانوں کا ماننا ہے گائے کے بہتر مزاج کا براہ راست تعلق دودھ کی پیداوار سے ہے تو اس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے وہ ایک مزید جامع مطالعہ کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

مزید خبریں :