Time 29 نومبر ، 2019
پاکستان

سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے : وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا ہے کہ فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قانونی ٹیم نے ترجمانوں کو عدالتی فیصلے اور کارروائی پر بریفنگ دی اور عدلیہ کے کردار کی تعریف کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے، عدالت نے آئندہ کے لیے بھی رہنمائی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے اس طرح کے سوالات کبھی سامنے نہیں آئے لہٰذا عدالت اور قانون کی رہنمائی میں آئندہ کے لیے قانون سازی ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مافیا کو مایوسی اور  ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی، اپنا پیسا بچانے والے اِس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں قانونی ٹیم پر تحفظات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمہوری اقدار  پر یقین رکھتی ہے، جمہوریت میں اختلاف ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے قانونی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قانونی ٹیم نے عدالت عظمٰی کو مطمئن کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور عدالتی فیصلہ قانونی ٹیم کی کامیابی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ آج ان کو ضرور مایوسی ہوئی ہوگی جو اداروں میں تصادم چاہتے تھے۔

مزید خبریں :