Time 29 نومبر ، 2019
کھیل

’ٹیم کی مسلسل خوفناک کارکردگی کوچ/ چیف سلیکٹر کی تبدیلی کا تقاضہ کرتی ہے‘

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پھٹ پڑے— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پھٹ پڑے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں نعیم الحق نے لکھا کہ ’آسٹریلیا میں ہماری ٹیم کی مسلسل خوفناک کارکردگی کوچ/ چیف سلیکٹر کی تبدیلی کا تقاضہ کرتی ہے‘۔

نعیم الحق نے مزید لکھا کہ ’ٹیم کی کارکردگی بہتر ہونے کی ذرا بھی امید نظر نہیں آرہی‘۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کررکھا ہے۔

ورلڈ کپ کے بعد مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ اور انضمام الحق کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا جس کے بعد یہ دونوں اہم عہدے مصباح کو دے دیے گئے۔

مصباح الحق کی منتخب کردہ ٹیم کا پہلا امتحان سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز تھی جس میں پاکستان نے 0-2 سے ون ڈے سیریز جیتی تھی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس شکست کے بعد پی سی بی نے سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹادیا اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی بابر اعظم کو دے دی جبکہ ون ڈے کپتان کے نام کااعلان نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے مشکل ترین دورے پر ہے جہاں پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اب سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی اب تک آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔

مزید خبریں :