پاکستان
Time 30 نومبر ، 2019

’عدالت نے قانون سازی کا کہا لیکن یہ پارلیمنٹ قانون سازی کی اہلیت نہیں رکھتی‘

کراچی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حساس معاملات پر حکومت کی نااہلی ثابت ہوچکی ہے۔

کراچی میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالت نے قانون سازی کا کہا ہے لیکن یہ پارلیمنٹ قانون سازی کی اہلیت نہیں رکھتی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کیس کی سماعت میں فیصلہ دیا ہے کہ حکومت 6 ماہ میں اس حوالے سے واضح قانون سازی کرے اور اس وقت تک جنرل باجوہ اپنا کام جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کو فوری تحلیل کیا جائے اور نئے انتخابات کرائے جائیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ حساس معاملات پر حکومت کی نااہلی ثابت ہوچکی ہے، ملکی معیشت ڈوب رہی ہے اور یہ عیاشیاں کررہے ہیں، عوام کو اشیائے خورد و نوش دستیاب نہیں اور یہ کہتے ہیں کہ ٹماٹر 17 روپے کلو ہیں۔

فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے اسلام آباد کے احتجاج نے حکومت کی جڑیں ہلادی ہیں، ملک قبضہ گروپ نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ 27 اکتوبر کو شروع کیا تھا  اور مارچ کے شرکاء نے 31 اکتوبر سے اسلام آباد میں دھرنا شروع کیا تھا 13 نومبر تک جاری رہا تھا۔

مزید خبریں :