’آلو سے بنا ٹرک ٹیسلا کے سائبر ٹرک سے زیادہ بہتر’

فوٹو: بشکریہ سوشل میڈیا

سوشل میڈیا پر آلو سے بنے ٹیسلا کے سائبر ٹرک کی ویڈیو  وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کو چند روز قبل اپنے سائبر ٹرک کی تقریب رونمائی کے دوران شدید شرمندگی اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سائبر ٹرک کی تقریب رونمائی کے دوران ایلن مسک نے شرکاء کو ٹرک کی خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا اور اس کے دروازے پر ہتھوڑے کے وار کر کے اس کے دروازوں کی مضبوطی دکھائی۔

اسی دوران ایلن مسک نے اپنے ساتھی کو کہا کہ وہ ٹرک کے دروازوں میں نصب آرمر گلاس کی مضبوطی بھی شرکاء کو دکھائیں اور ایک بیس بال گیند جتنے گول لوہے کو اس پر ماریں۔

ایلن مسک کے ساتھی نے بالکل ایسا ہی کیا مگر یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور ٹرک کے شیشے پر دراڑیں پڑ گئیں۔

 اس رونمائی کی تقریب کو ٹیسلا کے یوٹیوب اکاؤنٹ پر براہ راست دکھایا جا رہا تھا مگر تقریب کے 30 سیکنڈز بعد ہی ٹیسلا نے اس ویڈیو کو ہٹا دیا تھا۔

اس تمام تر واقعے کے بعد حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک لڑکا اُبلے ہوئے میش آلوؤں سے ٹیسلا کا سائبر ٹرک بنا رہا ہے۔ صارفین نے آلو سے بنے اس ٹرک پر دلچسپ انداز میں تبصرے بھی کیے۔

ایک صارف نے ویڈیو پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس ٹرک کی کھڑکیاں اصل ٹرک سے زیادہ مضبوط ہوں گی‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اس ٹرک کو بنانے میں  ٹیسلا کے ٹرک بنانے سے بھی زیادہ وقت لگا ہوگا‘

ایک صارف نے ٹیسلا کے ٹرک کی مضبوطی کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ ’اس ٹرک کی کھڑکیوں پر مٹر کا دانہ پھینک کے نا مارنا‘


مزید خبریں :