Time 02 دسمبر ، 2019
کاروبار

موڈیز کی رپورٹ ملکی معاشی استحکام میں حکومت کی کامیابی کی تائید ہے، حفیظ شیخ

موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے آؤٹ لُک کو منفی سے مستحکم قرارد یا ہے،فوٹو:فائل

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائےخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کا آؤٹ لُک (مستقبل کا منظر نامہ) منفی سے مستحکم کرنا ملک کے معاشی استحکام میں حکومت کی کامیابی کی تائید ہے۔

اپنے ایک بیان میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ موڈیز کے اقدام نے طویل مدتی معاشی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔

واضح رہے کہ معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے آؤٹ لُک کو منفی سے مستحکم قرار دیا ہے۔

موڈیز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ بی تھری پر برقرار رکھی ہے تاہم مستقبل کا منظر نامہ اب منفی نہیں بلکہ مثبت ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی کاروباری اور مالیاتی کمپنی موڈیز نے ادائیگیوں کا توازن مزید بہتر ہونے کے پیشِ نظر آوٹ لُک بہتر کیا ہے۔

موڈیز کے مطابق اگرچہ زرمبادلہ کے ذخائر اب بھی کم ہیں اور انہیں بہتر ہونے میں وقت لگے گا مگر پالیسی ایڈجسٹمنٹ اور آزادانہ شرح مبادلہ سے ادائیگیوں کے توازن کی بہتری میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں :