ساؤتھ ایشین گیمز :کراٹے میں 2 گولڈ میڈل پاکستان کے نام

  ساؤتھ ایشین گیمز میں پیر کو کراٹے مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس چھائے رہے— فوٹو جیو نیوز

نیپال میں جاری 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں کراٹیکاز نے پاکستان کے لیے 2گولڈ میڈل حاصل کرلیے جب کہ تائیکوانڈو میں پاکستان نے چاندی کا ایک اور کانسی کے 4 تمغے جیتے۔

ٹینس میں قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی جب کہ بیڈمنٹن میں سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز کے مقابلے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور  پوکھارا میں جاری ہیں جہاں پیر کو کراٹے کے مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس چھائے رہے۔

کراٹے میں پاکستان کی شاہدہ عباسی نے انفرادی کاتا جب کہ محمد اویس نے انڈر 84 کے جی کی کیٹیگری میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

اوور 84 کیٹیگری میں پاکستان کے باز محمد نے سلور میڈل جیتا جب کہ نعمت اللہ نے مردوں کے انفرادی کاتا میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا،ٹیم کاتا میں نرگس، شاہدہ اور نازگل نے پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتا۔

مردوں کی ٹیم کاتا میں نعمت اللہ، نصیر احمد اور نعمان احمد نے برانز میڈل حاصل کیا۔ اقراء انور نے خواتین کے 45 کے جی اور صابرہ گل نے خواتین کے 50 کے جی کراٹے مقابلوں میں برانز میڈل حاصل کیا۔

تائیکوانڈو

تائیکوانڈو میں مہرالنسا ء اور شہباز نے پیئر ایونٹ میں پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتا جب کہ مہرالنسا نے انفرادی مقابلوں میں بھی برانز میڈل حاصل کیا۔

اقراء ، آصفہ اور مہرالنسا نے ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل حاصل کیا جب کہ ممتاز اور آصفہ کی جوڑی نے پیئر میں برانز میڈل حاصل کیا۔

ٹینس

ٹینس میں پاکستا ن نے سری لنکا کو شکست دے کر مینز ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، پاکستان کی جانب سے اعصام الحق اور عقیل خان نے سنگلز جب کہ عابد اور مذمل نے ڈبلز میں کامیابی حاصل کی۔

پاکستان مینز ٹیم کل بھوٹان سے سیمی فائنل میں مقابلہ کرے گی۔

بیڈمنٹن

بیڈمنٹن ٹیمز ایونٹ میں پاکستان کی مینز اور ویمنز ٹیموں کو سیمی فائنل میں انڈیا نے شکست دی جب کہ والی بال میں پاکستان منگل کو گولڈ میڈل کے لیے انڈیا سے مقابلہ کرے گا۔

مزید خبریں :