20 اگست ، 2012
خیرپور…خیرپور پیرجوگوٹھ میں روزہ دھنی میں بھگڈرمچ جانے سے جاں بحق افرادکی تعداد8 ہوگئی۔سرپرست درگاہ انتظامیہ جان محمد منگریو نے جیونیوزسے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ درگاہ شریف میں پیر پگارا کے خطاب اور دیدار کے بعد واپسی پراچانک بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران گرمی اور حبس کے باعث حر جماعت کی خواتین اور مرد زخمی ہوگئے ۔جان محمد میگریونے تصدیق کی بھگدڑ سے5خواتین سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے جن کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔ جاں بحق خواتین کا تعلق سندھ کے مختلف اضلاع سے ہے۔ درگاہ انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ واقعے کے بعد اسپتالوں میں مطلوبہ سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔ ہرسال عید کے موقع پرملک بھر سے حر جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد پیرپگارا کا خطاب سننے اور دیدار کیلئے بڑی تعداد میں روزہ دھنی میں جمع ہوتے ہیں اورپیرپگاراکا خطاب سننے اور ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے چین رہتے ہیں۔