05 دسمبر ، 2019
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے لیے حکومنت اور اپوزیشن کو مزید 10 دن کا وقت دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری سے متعلق اپوزیشن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹیرینز کا پارلیمنٹ کے مسائل عدالتوں میں لانا سمجھ سے بالا تر ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت پارلیمنٹ کو سپریم دیکھنا چاہتی ہے، ماضی میں غلط ہوتا رہا لیکن اب پارلیمنٹ کی بالادستی ہونی چاہیے۔
انہوں نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومتی بینچز کی ذمہ داری زیادہ ہے، سب کچھ پارلیمنٹیرینز کے ہاتھ میں ہے، عدالت مداخلت نہیں کر سکتی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے لیے مزید 10 دن کا وقت دیتے ہوئے سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے نا ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔