06 دسمبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کا عمران خان کو مائنس کرنے کا ارمان پورا نہیں ہو گا۔
جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کا جو پارلیمانی کردار ہے وہ ان کو ادا کرنا ہے، ایسا کر کے وہ حکومت پر کوئی احسان نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو جمہوری اور آئینی طریقے سے ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور مستحکم بنانے میں مصروف عمل ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اپوزیشن کے ارمانوں میں ایک ارمان ہے کہ وزیراعظم مائنس ہو کیونکہ اپوزیشن پہلے دن سے ہی عمران خان کو وزیر اعظم ماننے کو تیار نہیں لیکن اپوزیشن کے ارمان پورے نہیں ہوں گے ان کو مایوسی ہو گی۔
گفتگو کے دوران فردوس عاشق اعوان نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متعلق کہا کہ شہباز شریف صاحب، بھائی کی صحت میں سہولت کاری کے لیے گئے ہیں لیکن لندن جا کر سیاست کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وطن واپس لوٹنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف کی صحت کے حوالے سے حتمی رپورٹ نہیں آتی حکومت کوئی بات نہیں کر سکتی۔