پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2019

پوری ن لیگ مفروروں کے پاس ڈیرا جمائے بیٹھی ہے: فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان  کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں پر برس پڑیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے  سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ ستم ظریفی ہے کہ قانون سازی سمیت دیگر امور پر مشاورت میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو پاکستان کے قانون کو مطلوب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری کی پوری ن لیگ مفروروں کے پاس ڈیرا جمائے بیٹھی ہے، جس طرح علاج کرانا ہر قیدی کا حق ہے اسی طرح جرم کا حساب لینا قانون کا حق اور تقاضا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی ان دنوں بھائی کے ساتھ لندن میں موجود ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز  پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی طلب کیا تھا جس میں شرکت کے لیے احسن اقبال، خواجہ آصف، امیر  مقام، خرم دستگیر، پرویز رشید سمیت دیگر رہنما پاکستان سے لندن پہنچے ہیں۔

ن لیگ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے لندن میں علاج کے لیے مقیم پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی، یہ ملاقات ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں ہوئی۔ ملاقات میں ن لیگ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ 

علاوہ ازیں گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے۔

مریم نواز نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ والد ( نواز شریف) کی صحت تشویشناک ہے، میرا ان کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے، انتہائی نگہداشت کے وقت والد کے ساتھ نہ ہونے پر سخت ذہنی دباؤ میں ہوں۔

مزید خبریں :