07 دسمبر ، 2019
سابق وزیراعظم نوازشریف سے پاکستان سے لندن پہنچے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں جہاں اب تک ان کا متعدد بار طبی معائنہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی دنوں بھائی کے ساتھ لندن میں موجود ہیں جہاں انہوں نے پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں شرکت کے لیے احسن اقبال، خواجہ آصف، امیر مقام، خرم دستگیر، پرویز رشید سمیت دیگر رہنما پاکستان سے لندن پہنچے ہیں۔
ن لیگ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے لندن میں علاج کے لیے مقیم پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی، یہ ملاقات ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں ہوئی۔
ملاقات میں ن لیگ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
سابق وزیراعظم سے ملاقات سے قبل لیگی رہنماؤں نے ظہرانے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، اِن ملاقاتوں میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور سینیٹر پرویز رشید بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دوبارہ الیکشن سے پہلے ان ہاؤس تبدیلی ضروری ہے، گزشتہ چند ہفتوں میں جو معاملات چلے ہیں ان پر شہباز شریف سے ہدایات لے لی ہیں۔
یاد رہے کہ ملک کی سیاست میں اس وقت گرما گرمی جاری ہے اور چیف الیکشن کمشنر اور دیکر ارکان کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت میں ڈیڈلاک موجود ہے جبکہ متحدہ اپوزیشن اس معاملے پر سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرچکی ہے۔