پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2019

ن لیگ کے خیالی پلاؤ ہیں، مائنس عمران خان نہیں ہوگا: جہانگیر ترین

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان نہیں ہوگا کیوں کہ عمران خان کو مائنس کرکے پی ٹی آئی کچھ نہیں۔

لاہور میں پولو گراؤنڈ میں گفتگو کرتے ہوئے جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے خیالی پلاؤ ہیں، ملک میں کوئی سیاسی تبدیلی نہیں آرہی، عمران خان وزیراعظم ہیں اور اپنی مدت پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مائنس عمران خان نہیں ہوگا، عمران خان کو مائنس کرکے پی ٹی آئی کچھ نہیں، عمران خان ہیں تو پی ٹی آئی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے متعلق بھی لگتا ہے کہ بیماری کے باعث بیرون ملک جا سکتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے بارے میں مجھے کچھ پتہ نہیں چلتا، وہ کبھی آتے ہیں تو کبھی چلے جاتے ہیں، اپوزیشن کو ان کی کرپشن کے باعث رگڑا لگ رہا ہے۔

ن لیگ سے متعلق جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی تمام کوششیں ناکام جائیں گی، وزیراعظم احتساب کرکے رہیں گے، نواز شریف مائنس ہوئے، شہباز شریف مائنس ہوئے اور اب مریم نواز کا مائنس ہونے کا وقت آگیا۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح اختر مینگل سے بات ہوئی ہے، پہلے بھی اختر مینگل کے ساتھ مل کر معاملات حل کیے ہیں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ سطح کی قیادت لندن میں موجود ہے جہاں ملکی سیاسی صورتحال پر غورو خوص کیا جارہا ہے۔ 

گزشتہ روز خواجہ آصف لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ دوبارہ الیکشن سے پہلے ان ہاؤس تبدیلی ضروری ہے، گزشتہ چند ہفتوں میں جو معاملات چلے ہیں ان پر شہباز شریف سے ہدایات لے لی ہیں۔

یاد رہے کہ ملک کی سیاست میں اس وقت گرما گرمی جاری ہے اور چیف الیکشن کمشنر اور دیکر ارکان کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت میں ڈیڈلاک موجود ہے جبکہ متحدہ اپوزیشن اس معاملے پر سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرچکی ہے۔

مزید خبریں :