Time 08 دسمبر ، 2019
پاکستان

اسلام آباد جادو ٹونے کی گرفت میں ہے: شہباز شریف

لندن:  نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کوشش ہو گی کہ حکومت سے پُر خلوص بات چیت کی جائے۔

اِس وقت شہباز شریف اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ان کے علاج کے غرض سے  لندن میں موجود ہیں۔

مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت بھی ان دنوں لندن میں موجود ہے اور گزشتہ روز ن لیگی رہنماؤں کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی جس میں نئی قانون سازی، نئے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر، عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات، نواز شریف اور شہباز شریف کی عدم موجودگی میں پاکستان میں پارٹی امور چلانے اور ملکی سیاسی معاملات پر غور کیا گیا۔

ن لیگ کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ ن کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ رہنماؤں سے ملاقات کے دوران  چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر گفتگو ہوئی، ویسے تو عمران نیازی سے ماضی قریب کے تجربات مایوس کُن رہے ہیں لیکن پھر بھی ہماری کوشش ہو گی کہ حکومت سے پُرخلوص بات چیت کریں۔

میڈيا سے گفتگو میں ان ہاؤس تبدیلی کے سوال پر شہباز شریف نےکہا کہ اسلام آباد کی فضاؤں میں تو بے شمار چیزیں چلتی ہیں، اسلام آباد تو اب جادو ٹونے کی گرفت میں ہے۔

اس موقع پر لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فریش الیکشن کا پہلا مرحلہ ان ہاؤس تبدیلی ہونی چاہیے۔

نواز شریف کی صحت سے متعلق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے پلیٹیلیٹس برقرار رکھنےکے لیے انہیں دوائیں دی جا رہی ہیں، وہ جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  پوری کی پوری ن لیگ مفروروں کے پاس ڈیرا جمائے بیٹھی ہے، جس طرح علاج کرانا ہر قیدی کا حق ہے اسی طرح جرم کا حساب لینا قانون کا حق اور تقاضا ہے۔

مزید خبریں :