سوا لاکھ ڈالرز کا 'کیلا' امریکی آرٹسٹ کھاگیا

آرٹسٹ ڈیوڈ دتونا نے سب لوگوں کے سامنے دیوار سے چُپکے کیلے کو اتار کر کھالیا جس پر سب لوگ حیران رہ گئے — فوٹو: سوشل میڈیا

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص آرٹ گیلری میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا دیوار پر ٹیپ سے چپکا کیلا اتارکر کھاگیا۔

 یہ کیلا فلوریڈا کی ایک آرٹ گیلری میں دیوار پر ٹیپ سے چپکا ہوا تھا جسے ایک فن پارے کی صورت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

یہ فن پارہ ایک اطالوی کامیڈین و آرٹسٹ ماریزیو کیٹیلان کا تھا جو میامی آرٹ بیزل میں ایک لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالرز تقریباً (ایک کروڑ 85 لاکھ روپے) میں فروخت ہوچکا تھا۔

 آرٹ گیلری میں ’دیوار پر ٹیپ سے چپکا کیلا‘سب کی توجہ کا مرکز بن چکا تھا اور لوگ اس کے  ساتھ آکر سیلفیاں بھی بنوا رہے تھے تاہم  گذشتہ روز امریکا کے ایک معروف آرٹسٹ ڈیوڈ دتونا نے سب لوگوں کے سامنے دیوار سے چپکے کیلے کو اتار کر کھالیا جس پر وہاں موجود سب لوگ حیران رہ گئے۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں ڈیوڈ دتونا کا کہنا تھا کہ ' یہ میری طرف سے آرٹ کا مظاہرہ تھا، میں  ماریزیو کیٹیلان کے کام کو بہت پسند کرتا ہوں اور مجھے ان کا یہ آرٹ تو بہت پسند آیا یہ بہت لذیذ تھا'۔

ڈیوڈ دتونا کی جانب سے کیلا کھانے کے فوری بعد آرٹ گیلری کے ایک اسٹاف ممبر کی جانب سے تھوڑے غصے اور ناراضگی کا اظہار کیا گیا تاہم اس پر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور دیوار پر ایک اور کیلا چپکا دیا گیا۔

اس کیلے کے ساتھ آرٹ گیلری کی جانب سے ایک سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جاتا ہے جس میں درج ہے کہ اس آرٹ کا مالک کیلے کو تبدیل بھی کرسکتا ہے۔

اس سے قبل ایک ہفتے کے دوران آرٹسٹ ماریزیو کی اس کلیکشن کے 2 ایڈیشنز بھی فروخت ہوچکے ہیں جن کی مالیت بھی لاکھوں روپے تھی۔

آرٹ بیزل کے بانی ایمانیول پیروٹن کا اس پیس (دیوار پر ٹیپ سے چپکے ہوئے کیلے) کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’اس پیس کا مطلب یہ ہے کہ یہ دیکھنے والوں کو بتاتا ہے کہ کیسے چیزیں دنیا کے گرد گھومتی ہیں۔‘

مزید خبریں :