09 دسمبر ، 2019
بھارت میں دولہے کو بارات تاخیر سے لانا مہنگا پڑ گیا، دلہن نے مقررہ وقت سے کئی گھنٹے بعد پہنچنے پر گھر والوں کے ساتھ مل کر نا صرف دولہے کی پٹائی کر دی بلکہ اپنے پڑوسی سے شادی بھی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گاؤں بجنور ننگلجات میں شادی کے دن باراتیوں کے دیر سے آنے پر دلہن اور ان کے گھر والوں نے باراتیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، بعد ازاں دلہن نے اپنے پڑوسی سے شادی کر لی۔
صرف یہی نہیں دلہن کے گھر والوں نے دولہے کے خاندان کو مارنے پیٹنے کے بعد ان کا قیمتی سامان چھین کر انہیں جیل بھی بھجوا دیا۔
پولیس نے انکشاف کیا کہ یہ جوڑا رسم و رواج کے ساتھ ایک روایتی شادی کی تقریب کرنا چاہتا تھا، چھ ہفتے قبل جوڑے نے ایک اجتماعی شادی کی تقریب کے موقع پر شادی کی تھی، اور اس وقت دلہن اپنے سسرال نہیں گئی تھی کیونکہ وہ ایک روایتی شادی کرنا چاہتی تھی۔
علاوہ ازیں پولیس نے یہ بھی بتایا کہ دونوں خاندانوں میں جہیز کے معاملے کو لے کر بھی اختلافات تھے، دلہن کے خاندان نے دعویٰ کیا کہ دولہا اور اس کے والد نے اُن سے موٹرسائیکل اور نقد رقم کا مطالبہ کیا تھا اور جب ان کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو یہ ان کے گھر والوں کو دھمکیاں دے رہے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق باراتیوں کو دن کے 2 بجے آنا تھا لیکن وہ رات میں بارات لے کر آئے، تاخیر سے آنے کی وجہ سے دلہن آگ بگولہ ہوگئی اور دلہن کے گھر والوں نے باراتیوں کی مار لگا دی۔
اس تمام تر صورتحال کے بعد پولیس نے معاملے کو سلجھایا جس کے بعد دلہن نے کسی اور سے شادی کر لی۔