Time 09 دسمبر ، 2019
کھیل

اندازہ ہے پرفارم نہیں کروں گا تو ٹیم سے باہر ہو جاؤں گا: شان مسعود

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے ٹیسٹ بیٹس مین شان مسعود کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے چیف سلیکٹر اور کوچ کے دوہرے عہدے کھلاڑیوں کے لئے ٹیم میں رہنے کا پیمانہ نہیں بن سکتے، سلیکشن پرفارمنس پر ہوتی ہےاور بناء پرفارمینس کے کوئی آپ کو ٹیم میں رکھ نہیں سکتا۔

انہوں نے اپنا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بخوبی اندازہ ہے کہ انہیں ٹیم میں رہنے کے لئے رنز کرنا ہوں گے اور یہی پاکستان کے لیے مسلسل کھیلنے کا ایک واحد راستہ ہے۔

30سال کے شان مسعود کہتے ہیں کہ کرکٹ سری لنکا کے بے حد مشکور اور ممنون ہیں کہ انہوں نے اپنی ٹیسٹ ٹیم پاکستان کھیلنے بھیجی ہے۔

شان مسعود کے مطابق اپنے ملک میں کھیلنے کا کیا تجربہ ہے ہمارے بیشتر کھلاڑی اس سے ناواقف ہیں ، سابق کپتان مصباح الحق اور لیجنڈ بیٹس مین یونس خان اپنے عروج کے وقت میں ہوم گراونڈ پر کھیل ہی نہیں سکے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان اظہر علی 75اور اسد شفیق 71ٹیسٹ کھیل چکے ہیں اور وہ پہلی بار پاکستان میں کوئی ٹیسٹ کھیلیں گے۔

17ٹیسٹ میچوں میں 949رنز بنانے والے شان مسعود کہتے ہیں کہ 2013ء سے 2017ء تک انھیں محض 12ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکا، آخری دو ٹیسٹ سیریز میں انھیں مکمل مواقع ملے۔

شان مسعود نے جنوبی افریقا میں 3ٹیسٹ میں 38کی اوسط سے انہوں نے 228رنز اور آسڑیلیا میں دو ٹیسٹ میں 43کی اوسط سے 156رنز بنائے۔

وہ مانتے ہیں کہ دونوں سیریز میں قدم جما کر بڑی اننگز کھیلتے ہوئے ، انہوں نے اپنی وکٹ گنوائی ، جس کا انھیں افسوس ہے، البتہ اب وہ آگے دیکھنا چاہتے ہیں ۔

مزید خبریں :