Time 09 دسمبر ، 2019
کھیل

ساؤتھ ایشین گیمز: پاکستانی ایتھلیٹس کے جوڈو، باکسنگ اور سوئمنگ میں تمغے

نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے جوڈو میں دو طلائی تمغے حاصل کرلیے۔ پاکستانی ایتھلیٹس نے جوڈو، باکسنگ اور سوئمنگ میں سلور میڈلز بھی جیتے جبکہ کبڈی ٹیم نے برانز میڈل حاصل کیا۔

تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے پیر کو مزید دو گولڈ میڈلز حاصل کیے جس کے بعد ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی گولڈ میڈلز کی تعداد 31 ہوگئی۔

گیمز میں پیر کو پاکستان کو دونوں گولڈ میڈلز جوڈو میں ملے۔ حامد علی نے 100 کلوگرام سے زائد کی ویٹ کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا جبکہ ٹاپ جوڈوکا شاہ حسین شاہ نے مائنس 100 کے جی ویٹ کیٹیگری میں سونے کا تمغہ اپنے سینے پر سجایا۔

پاکستان کے دویگر دو جوڈوکاز کرامت بٹ اور قیصر خان فائنل میں شکست کے بعد سلور میڈل کے حقدار قرار پائے۔

باکسنگ میں ثناء اللہ نے سلور میڈل جیتا جبکہ سوئمنگ میں پاکستان کی بسمہ خان نے خواتین کی 200 میٹر انفرادی میڈلے میں پاکستان کیلئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

پاکستان نے 200 میٹر فری اسٹائل ریلے میں بھی برانز میڈل جیتا جبکہ سری لنکا کے ڈس کوالیفائی ہونے کے بعد چار ضرب سو میٹر ری لے میں بھی پاکستان کو برانز میڈل مل گیا۔

جوڈ ایونٹ میں پاکستان کے لیے گولڈمیڈل جیتنے والے شاہ حسین شاہ کا مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر)سیدعارف حسن کے ہمراہ گروپ— فوٹو پی او اے

پاکستان کی خاتون جوڈوکا بینش خان نے بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ کبڈی کی ٹیم تیسری پوزیشن پر آنے کے بعد برانز میڈل کی حقدار رہی۔

محمد رزاق اور محمد وسیم پر مشتمل پاکستان ٹیم نے بیچ والی بال میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔

پاکستان اسکواش ٹیم منگل کو ٹیم ایونٹ کے فائنل میں بھارت سے مقابلہ کرے گی۔ جوڈو ٹیم ایونٹ کے فائنلز بھی منگل کو ہی ہوں گے۔

ایونٹ میں پاکستان اب تک مجموعی طور پر 31 گولڈ، 37 سلور اور 59 برانز میڈلز حاصل کرچکا ہے۔

مزید خبریں :