گوگل کے سرچ انجن میں نئے فیچر کی آزمائش شروع

فوٹو: بشکریہ ڈیجیٹل انفارمیشن ورلڈ 

معروف امریکی کمپنی گوگل نے صارفین کو جدید تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے سرچ انجن میں نئے فیچر  کی آزمائش شروع کر دی ہے۔

کمپنی کے مطابق گوگل جلد ’ٹریک پیکج‘ کی خصوصیت کو اپنے سرچ انجن میں شامل کرنے والا ہے۔

یہ ایک ایسا فیچر ہوگا جس میں آن لائن خریداری کی بے شمار کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں کو شامل کرنے کا مقصد یہ ہوگا کہ صارف آن لائن پیکج کی جانچ پڑتال اب گوگل سرچ انجن کے ذریعے ہی حاصل کرلیں گے اور صارف گوگل کے ذریعے ہی اپنے پیکج کو ٹریک کر سکیں گے۔

اس فیچر کو گوگل سرچ کے ساتھ ضم کیا جائے گا،جس کا مطلب ہے کہ اب سرچ بار کے نیچے ایک آپشن ہوگا جو ’پیکج ٹریکنگ‘ کی مخصوص تفصیلات تلاش کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

صارفین کو سب سے پہلے اس سیکشن میں کمپنی کا نام درج کرنا ہوگا جس کے بعد گوگل پیکج کی معلومات فراہم کرے گا۔

مثال کے طور پر اگر آپ نے کوئی پروڈکٹ ایمیزون سے خریدی ہے اور آپ اس آرڈر کی تفصیلات جاننا چاہ رہے ہیں تو آپ کو سرچ انجن پر ’پیکج ٹریکنگ‘ کے سیکشن میں ’ایمیزون پیکج ٹریکنگ‘ لکھنا ہوگا جس کے بعد گوگل آپ سے ٹریکنگ نمبر مانگے گا، ٹریکنگ نمبر درج کرنے کے بعد گوگل آپ کے پیکج کے حوالے سے معلومات فراہم کرے گا۔

ان معلومات میں آپ کے آرڈر کی ترسیل کی متوقع تاریخ کے ساتھ ساتھ پروڈکٹ کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔

معروف کمپنی گوگل صارف کو یہ تجربہ پیش کرنے کے لیے مختلف ای کامرس اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔

مزید خبریں :