09 دسمبر ، 2019
معروف میسیجنگ اور کالنگ ایپ واٹس ایپ نے رواں سال صارفین کو تحفظ اور سہولت فراہم کرنے کے لیے بے شمار حیرت انگیز اقدامات کیے ہیں۔
پیغامات کی راز داری، فنگر پرنٹ لاک، سیلف ڈسٹرکٹو میسج اور دیگر نئے فیچرز کے بعد اب واٹس ایپ نے حال ہی میں اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایپ کے کالنگ فیچر میں ایک نئی تبدیلی کی ہے۔
اس نئے فیچر کا نام ’کال ویٹنگ‘ ہے، اس فیچر کے ذریعے صارفین اگر واٹس ایپ پر کسی سے کال پر بات کر رہے ہوں گے تو اس دوران انہیں کسی دوسرے شخص کی کال آئے گی تو وہ اس کال کو ریسیو کر سکیں گے، یہ فیچر واٹس ایپ میں پہلے دستیاب نہیں تھا۔
کال ویٹینگ فیچر سے صارفین کو کال پر بات کرتے ہوئے یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ دوسری کال کرنے والا شخص کون ہے، اور اگر وہ اس کی کال ریسیو کرنا چاہیں گے تو وہ کر سکتے ہیں۔
جہاں اس فیچر کو بے حد بہترین سمجھا جا رہا ہے وہیں اس فیچر میں ایک چیز کی کمی ہے۔
وہ کمی یہ ہے کہ کال پر بات کرتے دوران دوسری کال ریسیو کرنے پر آپ کا رابطہ پہلی والی کال سے منقطع ہو جائے گا اور جب آپ دوسری کال پر بات کر لیں گے تو پہلی کال پر بات کرنے والے شخص کو آپ سے دوبارہ رابطہ کرنا پڑے گا۔
اس فیچر میں کال ہولڈ کرنے کا آپشن شامل نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ دوسرے شخص کی کال اٹھانے پر پہلی کال سے رابطہ منقطع ہو جائے گا۔