پاکستان
Time 11 دسمبر ، 2019

’مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنا مشکل ہے‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سے ایل سے نکالے جانے کو مشکل قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل جاوید نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بیٹے  یہاں والد کی عیادت کے لیے  نہیں آئے لیکن بیٹی بیرون ملک عیادت کے لیے جانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ضمانت والد کی تیمارداری کے لیے ملی تھی، اب ان کے والد یہاں نہیں ہیں مگر مریم نواز کا ای سی ایل سے نام نکالنا مشکل ہے۔

ملک میں قانون سازی کے معاملے پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ معاملہ بھی حل ہو جائے گا، اس کے لیے اپوزیشن کو منانے کی بات نہیں بلکہ یہ تو پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کرتے ہیں کیونکہ یہ حقیقی نہیں چھوئی موئی اپوزیشن ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے سارے حربے اس لیے ہیں کیونکہ ان کو پتہ ہے عمران خان کامیاب ہو رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڈ کا ردعمل

فوٹو: فائل

دوسری جانب  مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڈ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا ای سی ایل سے نام نکالنے سے متعلق حکومت سے ہمیں اچھی امید کبھی نہیں رہی مگر دیکھتے ہیں حکومت کیا کرتی ہے؟

قانون سازی کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو غیر فعال کیا گیا ہے، صرف آرڈیننس پر آرڈیننس جاری کیے جاتے ہیں اور تو اور معاملات پر ڈیڈ لاک حکومت کی سستی اور نا اہلی کی وجہ سے ہوتے ہیں، یہ سب معاملات بتاتے ہیں کہ حکومت قانون سازی کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔

مزید خبریں :