Time 10 دسمبر ، 2019
پاکستان

مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالا تو عدالت میں چیلنج کریں گے، فیصل واوڈا

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نہیں نکلے گا ،اگر کسی نے نام نکالا تو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو باہر جانے نہیں دیں گے، وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ کا بھی یہی فیصلہ ہے۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بتایا کہ انھوں نے کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کو مخاطب کرکےکہا ہےکہ کسی بھی صورت پلیٹیلیٹس والا ڈرامہ دُہرانے نہیں دینگے، بے شرمی کی حد ہوتی ہے کہ ہر بار ن لیگ کا لیڈر بھاگ جاتا ہے اور پیادے پھنس جاتے ہیں۔

فیصل واوڈا کا مزیدکہنا تھا کہ مفرور اور اشتہاری لوگوں کے میڈیا پر آنے پر پابندی ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم سمیت متعدد وفاقی وزراء نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے۔

خیال رہے کہ 10 جولائی 2018 کو وزارت داخلہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا تھا تاہم بعد ازاں اس کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطل کردی تھی۔

مریم نواز اپنے والد نواز شریف کی لندن میں تیمار داری کے لیے جانا چاہتی ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے وفاقی حکومت کو 7 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب )نے مریم نواز کو 8 اگست کو اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے دوران کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا تھا جب کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ان کے کزن یوسف عباس بھی گرفتار ہیں۔

تاہم گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں اپنا پاسپورٹ اور ایک ایک کروڑ روپے کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :