11 دسمبر ، 2019
قومی احتساب بیورو (نیب) میں بڑے پیمانے پر تقرر اور تبادلے کیے گئے ہیں۔
چیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بھی ہوا جس میں عبدالحمید مینگل اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب کراچی بریگیڈیئر (ر) ناصر فاروق اعوان کا پشاور تبادلہ کردیا گیا جبکہ ان کی جگہ ڈی جی نیب نجف قلی مرزا کو تعینات کیا گیا ہے۔
نجف قلی مرزا اس سے قبل نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں تعینات تھے جبکہ ڈی جی نیب پشاور فیاض احمد قریشی کا تبادلہ اسلام آباد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان نیب نوازش علی عاصم کی مدت ملازمت میں بھی 3 سال کی توسیع کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نوازش علی عاصم کو نیب میں ڈیپوٹیشن بنیادوں پر 3 سال کے لیے تعینات کیا گیا۔
یاد رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے معاملے پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے تحقیقات کے لیے 7 رکنی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے تھی جس کے سربراہ ایڈیشل ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر نجف قلی مرزا تھے۔
اِس وقت کراچی نیب میں کئی اہم کیسز عدالتوں میں ہیں جبکہ کئی کیسز کی انکوائریاں کی جارہی ہیں۔