12 دسمبر ، 2019
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں غنڈہ گردی کرنے والے وکلا کی سی سی ٹی وی وڈیوز منظر عام پر آگئیں۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہےکہ ڈنڈا بردار وکلاء نے عمارت میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور جو بھی سامنے آیا اسے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
وکلاء شیشے توڑتے رہے اور اسپتال کا عملہ وکلاء کے جتھے کو دیکھ کر جان بچاتا رہا۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکلاء نے آپریشن تھیٹرز میں بھی گھسنے کی کوشش کی اور ایک وکیل نے غصہ میں آ کر آگ بجھانے والا سیلنڈر زمین پر پھینک دیا۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کہتے ہیں کہ ساری ویڈیوز حاصل کر لی ہیں اور ان کی بنیاد پر کافی حد تک شناخت بھی کر لی گئی ہے، قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دل کے اسپتال میں وکلاء کی جانب سے توڑ پھوڑ کی جانے والی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 مریض انتقال کر گئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام کو ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔