Time 13 دسمبر ، 2019
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ بار کا ججز کی حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا ججز کی حلف برداری تقریب سے بائیکاٹ—فوٹو فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ بار  ایسوسی ایشن نے نئے ججز کی حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کر دیا۔

خیال رہے کہ وکلاء کی جانب سے دل کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کے الزام میں گرفتار وکلاء کے حق میں ملک بھر میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار  ایسوسی ایشن نے ججز کی حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین نئے ایڈیشنل ججز  کی آج حلف برداری کی تقریب ہو گی جس میں فیاض احمد جندران، غلام اعظم قمبرانی اور لبنیٰ سلیم پرویز سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ حلف لیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی مگر  بار اور بینچ میں ڈیڈ لاک اب تک برقرار ہے۔

 گزشتہ روز جنرل سیکریٹری اسلام آباد ہائیکورٹ  بار عمیر بلوچ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے ہمیں احتجاج نہ کرنے کا کہا، ہم نے جواب دیا کہ جب آپ احتجاج کرتے تھے تو ہم آپ کے پیچھے چلتے تھے، آج ہم احتجاج کرتے ہیں تو کیا ٹھیک نہیں ہے؟

یاد رہے کہ دو روز قبل وکلاء کی جانب سے لاہور میں پی آئی سی پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی گئی تھی اور اس ہنگامہ آرائی کے دوران ایک خاتون سمیت 3 مریض انتقال کر گئے تھے۔

پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں پولیس نے 46 وکلاء کو گرفتار بھی کیا تھا۔

مزید خبریں :