14 دسمبر ، 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث شروع ہوئے بغیر ہی ختم کر دیا گیا۔
راولپنڈی میں آج بھی صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلسہ جاری رہا جس کے باعث پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے چوتھے روز کا آغاز ہی نہ ہو سکا اور کھلاڑی ڈریسنگ روم تک ہی محدود رہے۔
سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کھیل کے پہلے روز 66 اوورز کا کھیل ہو سکا جب کہ دوسرے روز صرف 20 اوورز اور تیسرے روز 5 اوورز کا کھیل ہو سکا۔
سری لنکا 91 اعشاریہ 5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا لیے ہیں اور مہمان ٹیم کی پہلی اننگز ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی ہے جس کے باعث قوی امکان ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو جائے گا۔