Time 14 دسمبر ، 2019
پاکستان

سابق صدر آصف علی زرداری کا کلفٹن کے نجی اسپتال میں معائنہ

سابق صدر آصف علی زرداری کا کلفٹن کے نجی اسپتال میں معائنہ کیا گیا۔

ڈاکٹر ندیم قمر کی سربراہی میں قائم میڈیکل بورڈ آصف زرداری کا معائنہ کر رہا ہے۔ سابق صدر کا آج رات اسپتال میں ہی قیام کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری 12 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہائی کے بعد 13 دسمبر کو کراچی پہنچے تھے۔

سابق صدر ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ائیرپورٹ پہنچے جہاں بلاول بھٹو اور دیگر قائدین نے ان کا استقبال کیا۔

پی پی صدر کو وہیل چیئر پر ائیر پورٹ سے باہر لایا گیا جہاں اولڈ ٹرمینل پر پارٹی کارکنوں کی بھی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی جنہوں نے سابق صدر کے حق میں نعرے لگائے کی اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ آصف زرداری نے کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر 23 اکتوبر کو پمز منتقل کیا گیا جہاں وہ ضمانت پر رہائی تک زیر علاج تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

11 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد اگلے روز 12 دسمبر کو آصف زرداری کو رہا کیا گیا۔ 

مزید خبریں :