کھیل
Time 15 دسمبر ، 2019

پنڈی ٹیسٹ ڈرا، سری لنکا کے خلاف عابد علی اور بابراعظم کی سنچریاں

فوٹو: پی سی بی/ٹوئٹر

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا  پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 308 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں آخری روز کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ مل کر 87 رنز کی شراکت قائم کی اور 90 کے اسکور پر اظہر علی 36 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ڈیبیو کرنے والے والے عابد علی نے شاندار بلے بازی کا سلسہ جاری رکھا اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ 

وہ دنیا کی تاریخ میں ون ڈے کے بعد ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے پہلے مرد کھلاڑی جب کہ پاکستان کے تیرہویں کھلاڑی ہیں۔

بابراعظم نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 گیندوں پر ہوم گراؤنڈ پر اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی اور وہ 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

فوٹو: پی سی بی

پنڈی ٹیسٹ کے چار روز کا کھیل بارش اور خراب موسم کے باعث متاثر رہا لیکن میچ کے آخری روز موسم ٹھیک ہونے پر سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 282 رنز 5 کھلاڑیوں پر کیا۔

سری لنکا کے دنن جیا ڈی سلوا 87 اور دلروان پریرا 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ پریرا اپنے انفرادی اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ ڈی سلوا نے اپنی سنچری مکمل کی اور سری لنکا نے ڈی سلوا کی سنچری مکمل ہوتے ہی اپنی پہلی اننگز308 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس اور عثمان شنواری کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

مزید خبریں :