15 دسمبر ، 2019
تمباکو نوشی ناصرف صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ اس کا دھواں فضائی آلودگی کا باعث بھی بنتا ہے۔
لیکن! حال ہی میں سیگریٹ کے دھوئیں کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے حیران کُن انکشاف کیا گیا ہے جسے جان کے آپ بھی پریشان ہو جائیں گے۔
یونیورسٹی آف مینیسوٹا کی جانب سے جنرل پیڈیاٹرک ریسرچ میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق سیگریٹ کے دھوئیں سے بچوں میں بھی امراضِ قلب بڑھنے کے امکانات دیکھنے میں آئے ہیں۔
ماہرین نے تحقیق میں 8 سے 18 سال کی عمر کے 298 ایسے بچوں کے الٹراساؤنڈ کیے جو تمباکو نوشی نہیں کرتے تھے۔
ماہرین نے بتایا کہ انہیں اس تحقیق کے بعد یہ معلوم ہوا کہ وہ بچے جو آس پاس سگریٹ کے دھوئیں کی موجودگی میں سانس لے رہے تھے ان کی ’ایبڈومینل ایورٹا‘ میں سختی پائی گئی۔
ماہرین نے تحقیق کے بعد یہ نتائج اخذ کیے کہ ایسے بچے جو سیگریٹ کے دھوئیں کی موجودگی میں سانس لے رہے ہیں ان کے دل کی رگوں (آرٹریز) کو نقصان پہنچتا ہے، اس نقصان سے بچنے کے لیے سگریٹ کے دھوئیں میں سانس لینے سے بچا جائے۔
یونیورسٹی آف مینیسوٹا کے اسسٹنٹ پروفیسر مچل ہاربن کا کہنا ہے کہ سیگریٹ کا دھواں بچوں کی دل کی رگوں کے لیے نقصان کا باعث بنتا ہے جو بعد میں دورانِ خون کو متاثر کر کے امراضِ قلب کی طرف بھی لے جا سکتا ہے۔