دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کیلئے سری لنکن ٹیم کی کراچی آمد

دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے سری لنکن کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی،مہمان ٹیم آج آرام کے بعد کل سے پریکٹس کا آغاز کرے گی جب کہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ جمعرات سے کھیلا جائےگا۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد کے موقع پر ائیر پورٹ کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، جگہ جگہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی، مہمان ٹیم کو اولڈ ٹرمینل سے سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

ہوٹل پہنچنے پر سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا اورکھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے  گئے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے تاثرات

 کراچی می سری لنکا کے خلاف 10 سال بعد ہونے والے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے پاکستانی کرکٹرز نے اپنے اپنے خوشگوار لمحات اور تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ جمعرات سے کھیلا جائےگا ،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیاتھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کاشمار دنیا کے بڑے گراؤنڈ میں ہوتا ہے اور یہاں پاکستان ٹیم کا ریکارڈ بھی بہت اچھا ہے۔

پنڈی ٹیسٹ میں یادگار سنچری بنانے والے عابد علی کا کہنا ہے کہ وہ کراچی میں ٹرپل سنچری بنانا چاہتے ہیں ۔

قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں بابر اعظم اور اسد شفیق نے بھی دوسرے ٹیسٹ میں بڑی اننگز کھیلنے کے عزم کا اظہار کیاہے۔

سری لنکن ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں آنے والے پلیئرز نے پاکستان کے بارے میں جو رائے دی اس کے بعد سب کھلاڑی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے دورے پر تیار ہوگئے۔ 

'پاکستانی شائقین ہوم گراؤنڈز  پر کرکٹ کے حقدار ہیں '

سینئر سری لنکن کھلاڑی اینجیلو میتھیوز کہتے ہیں کہ پاکستانی فینز کا جنون دیکھ کر وہ یہ ضرور کہیں گے کہ یہاں کے لوگ ہوم گراؤنڈز پر کرکٹ کے حقدار ہیں۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم کو کراچی ٹیسٹ سے قبل ایک دھچکا اس وقت لگا جب ان کے بولر کاسون راجتھا انجری کی وجہ سے میچ سے باہر ہوگئے، سری لنکن ٹیم منیجمنٹ کے مطابق ان کی جگہ کسی متبادل کو طلب نہیں کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :