Time 16 دسمبر ، 2019
پاکستان

آرمی چیف کی مدت ملازمت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاقی کابینہ میں لے جایا جائیگا

سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کی وطن واپسی پر ہوگا، ذرائع— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کو کابینہ میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیرقانون،اٹارنی جنرل اور وزیراعظم کی قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کےتفصیلی فیصلے پرمشاورت کی گئی۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی درخواست یاقانون سازی سےمتعلق مشاورت بھی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کو کابینہ میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ نظرثانی کی اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کی وطن واپسی پر ہوگا۔

 سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ

واضح رہے کہ 28 نومبر 2019 کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی تھی۔

آج  سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیاہے کہ اگر 6 ماہ میں قانون نہ بن سکا توآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر 2019 سے ریٹائر تصور ہوں گے اور صدر پاکستان، وزیر اعظم کی ایڈوائس پر حاضر سروس جنرل کا بطور آرمی چیف تقرر کریں گے۔

سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہماری حکومت قوانین کی ہے یا افراد کی، حکومت نے قوانین پرعمل کرنا ہے اور ‏قانون کے تحت جنرل کے رینک کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمریا مدت ملازمت نہیں دی گئی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ‏آرمی چیف کی تعیناتی، ریٹائرمنٹ اور توسیع کی ایک تاریخ رہی ہے، ‏ادارہ جاتی پریکٹس قانون کا مؤثر متبادل نہیں ہوسکتا، ‏وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع دی لیکن وزیراعظم کوایسا کوئی فیصلہ کرنے کا آئینی اختیار حاصل نہیں ہے، ‏قانون اورآئین میں مدت ملازمت میں توسیع کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہمارے سامنے مقدمہ تھا، کیا آرمی چیف کی مدت ملازمت توسیع کی جاسکتی ہے، اب معاملہ پاکستان کے منتخب نمائندوں کے پاس ہے، ‏یاد رکھیں ادارے مضبوط ہوں گے تو قوم ترقی کرے گی۔

سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ یہاں پڑھیں

مزید خبریں :