ندا ڈار آئی سی سی ویمن ٹیم آف دی ایئر میں شامل

— فائل فوٹو

پاکستان ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )ٹیم آف دی ایئر 2019 میں شامل کرلیا گیا ہے اور وہ اس سال آئی سی سی کی کسی بھی ٹیم میں شامل واحد پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈز کا اعلان کیا جس میں آسٹریلین آلراؤنڈر ایلسے پیری کو سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا ۔

ویمن ٹی ٹوینٹی ٹیم آف دی ایئر میں پاکستان کی آل راونڈر ندا ڈار بھی شامل ہیں، انہوں نے سال میں نو میچز کے دوران 272 رنز بنائے اور آٹھ وکٹیں حاصل کیں ۔

انہوں نے اس سال آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ میں بھی شرکت کی ۔

ندا ڈار نے آئی سی سی ٹیم آف دی ایئر میں منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس انداز میں اس کی صلاحیت اور کارکردگی کا اعتراف کیا جائے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی آئی سی سی ٹیم میں شمولیت سے دوسرے پلیئرز کے بھی حوصلے بلند ہوں گے ۔

اس موقع پر ندا ڈار نے اپنی ساتھی کرکٹرز، موجودہ اور سابقہ کپتانوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہر کسی نے انہیں ہر موقع پر سپورٹ کی جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی بہتر ہوتی رہی۔

مزید خبریں :