Time 17 دسمبر ، 2019
پاکستان

وزیراعظم عمران خان کا مہاتیر محمد کو فون، دورے کی منسوخی سے آگاہ کیا

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے وزیر اعظم عمران کے فون کرکے آگاہ کرنے کو سراہا: ترجمان ملائیشین وزیراعظم آفس — فوٹو:فائل 

وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کو فون کیا اور اپنے دورے کی منسوخی سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان اس وقت سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں جہاں کانفرنس میں شرکت کے بعد انہیں 18 دسمبر سے ملائیشیا کا دورہ کرنا تھا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کے دباؤ پر اپنا دورہ ملائیشیا منسوخ کیا۔

ملائیشین وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کو فون کیا اور اپنے دورہ ملائیشیا کی منسوخی سے متعلق آگاہ کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مہاتیر محمد کو اپنی کوالالمپور سمٹ میں عدم شرکت سے متعلق بتایا جبکہ مہاتیر محمد نے وزیر اعظم عمران خان کے فون کرکے آگاہ کرنے کو سراہا۔

ملائیشین وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں ملائیشیا نے کوالالمپور سمٹ کو او آئی سی کے متوازی پلیٹ فارم بنانے سے متعلق قیاس آرائیوں کی بھی تردید کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین ہم منصب کی طرف سے 18 تا 20 دسمبر کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت ڈاکٹر مہاتیر کے خصوصی ایلچی اور ملائشیا کے ڈپٹی وزیر خارجہ مرزوکی بن جاجی یحییٰ نےرواں سال نومبر میں دی تھی۔

یاد رہے کہ 6 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقدہ ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کی تصدیق کی تھی۔

ملائیشین میڈیا کے مطابق 23 نومبر کو ڈاکٹر مہاتیر نے اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک کوالالمپور میں اسلامی سربراہ اجلاس منعقد کرے گا، جو 19 سے 21 دسمبر تک جاری رہے گا، سمٹ کا تھیم قومی سلامتی کے حصول میں ترقی کا کردار ہو گا، سمٹ میں انڈونیشیا، پاکستان، قطر اور ترکی کے سربراہان حکومت و مملکت ، کے علاوہ 450 لیڈرز، اسکالرز، مذہی اکابرین شرکت کریں گے۔

 ترکی سے صدر طیب اردوان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی، انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو شرکت کریں گے جبکہ پاکستان سے عمران خان کو اجلاس میں شریک ہونا تھا۔

مزید خبریں :