پاکستان
Time 17 دسمبر ، 2019

وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے جنیوا میں ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان ان دنوں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے گلوبل ریفیوجی فورم میں شرکت کی۔

اجلاس کی سائیڈ لائن پر ‏وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی اور انہیں ملائیشیا کانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر اعتماد میں لیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دباؤ پر ملائیشیا کا دورہ منسوخ کیا ہے جہاں انہیں کوالالمپور سمٹ میں شرکت کرنا تھی۔

وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیراعظم نے اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں اسٹریٹیجک کو آپریشن کونسل اجلاس کی صدارت دونوں رہنما کریں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے معاملے پر ترکی کی حمایت کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور اہم مسائل پر مشترکہ رائے پراطمینان کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ ملائیشین وزیراعظم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کو فون کیا اور اپنے دورہ ملائیشیا کی منسوخی سے متعلق آگاہ کیا۔

ترجمان کے مطابق عمران خان نے مہاتیر محمد کو اپنی کوالالمپور سمٹ میں عدم شرکت سے متعلق بتایا جبکہ مہاتیر محمد نے وزیر اعظم عمران خان کے فون کرکے آگاہ کرنے کو سراہا۔

مزید خبریں :