18 دسمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حال ہی میں ہونے والی قطر ٹی 10 لیگ میں ایک پاکستانی کرکٹر سے مبینہ بکی کی جانب سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم کرکٹر نے پی سی بی کو اس کی رپورٹ کردی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کراچی میں پریس کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کی کہ قطر ٹی ٹین کے دوران پاکستان کے ایک کرکٹرز سے مبینہ کرپشن کیلئے رابطہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی نے اس کی رپورٹ پی سی بی کے اینٹی کرپشن رپورٹ کو کردی تھی اور پی سی بی نے اس سے آئی سی سی کو آگاہ کیا۔
وسیم خان نے رپورٹ کرنے والے پلیئر کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔ تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ ایک سابق فاسٹ بولر سے اس سلسلے میں تحقیقات ضرور کی جارہی ہیں۔
اس سے قبل آئی سی سی کے اینٹی کرپشن آفیسر ایلکس مارشل بھی کہہ چکے ہیں کہ قطر ٹی 10 لیگ کے معاملات کی تحقیقات ہورہی ہیں۔
آئی سی سی کو معاملات پر شک تھا اور اس نے قطر ٹی ٹین لیگ کے دوران کچھ گڑبڑ پکڑیں اور کرپشن کی کوششوں کو ناکام بنایا تھا۔
اس سلسلے میں تحقیقات کے دائرے کو وسیع کردیا گیا ہے۔