کھیل
Time 19 دسمبر ، 2019

سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر

کراچی: سری لنکا کی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر اپنی پہلی اننگزمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنالیے ہیں اور  پاکستان کو سری لنکا پر 127 رنز کی برتری حاصل ہے۔

کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے 191 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم کو پہلا نقصان 28 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب سری لنکن اوپنراوشادا فرنینڈو4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ان کی وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی۔

سری لنکن ٹیم کو دوسرا نقصان 39 کے اسکور پر ہوا جب کپتان دیموتھ کرونارتنے 25 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کوشل مینڈس تھے جو کہ 13 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے ہیں اور اس وقت اینجلیو میتھیوز اور لاستھ امبلدینیا وکٹ پر موجود ہیں اور دونوں نے بالترتیب 8 اور 3 رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں گرین ٹاپ وکٹ پر پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم بری طرح ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے  شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور 5 رنز بنا کر بولڈ ہو  گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی بولڈ ہو گئے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے عابد علی 38 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ مسلسل آؤٹ آف فارم حارث سہیل ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 

محمد رضوان 4 اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ اسد شفیق 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، اظہر علی سمیت تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا اور لاستھ امبلدینیا نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ وشوا فرنینڈو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور بیمار عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

سری لنکن ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے اور زخمی کسن رجیتھا کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر لاستھ امبلدینیا کو  ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بارش اور خراب موسم کے باعث ڈرا ہو گیا تھا۔

مزید خبریں :