دنیا
Time 19 دسمبر ، 2019

امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کیخلاف مواخذےکی 2 قرار دادیں منظور

امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کے الزامات کی دو قراردادوں کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد اب یہ معاملہ سینیٹ میں چلا گیا ہے۔

گزشتہ روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے سے متعلق دو الزامات کی منظوری کے لیے ایوان نمائندگان میں ووٹنگ ہوئی جنہیں بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔

اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق قرارداد کو 197 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے منظور کیا گیا جب کہ کانگریس کے کاموں میں مداخلت کی قرارداد کو 198 کے مقابلے میں 209 ووٹ پڑے۔

 امریکی  ایوان نمائندگان نے  صدر ٹرمپ کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات میں دو آرٹیکلز کی منظوری دے دی ہے۔


ایوان سے منظور ہونے کے بعد مواخذے کی کارروائی کی سماعت  اب 100 رکنی امریکی سینیٹ میں کی جائے گی جہاں ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔

پاکستانی امریکن ڈیموکریٹس نے مواخذے کی منظوری کو جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے جب کہ پاکستانی امریکن ری پبلکنز کے نزدیک ڈیموکریٹس کا سیاسی سرکس بےکار جائےگا۔

ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی قراردادیں منظور ہونے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ مواخذہ اِن کا نہیں ڈیموکریٹس کا ہونا چاہیے جو بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں۔

ٹرمپ  نے ایوان نمائندگان میں انٹیلی جنس کمیٹی کے سربراہ ایڈم شف کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ من گھڑت الزام لگا رہے ہیں کہ میں نے انہیں دھمکی دی ہے، شف ایسا شخص ہے جو سمجھتا ہے کہ اسے ہر چیز میں استثنیٰ حاصل ہے۔

مزید خبریں :