19 دسمبر ، 2019
پرویز مشرف کے خلاف تفصیلی فیصلہ آتے ہی اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی اور کاروبار کا اختتام 948 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40 ہزار 655 پوائنٹس پر ہوا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 41ہزار 603پوائنٹس پر ہوا اور ابتدا میں ہی کے ایس ای 100انڈیکس 191پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 41ہزار 794پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا نظر آیا تاہم یہ دور رس ثابت نہیں ہوا اور جلد ہی انڈیکس منفی زون میں ٹریڈ کرنے لگا۔
کاروبار کے آغاز میں ہی انڈیکس میں جو مندی شروع ہوئی اور پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد مزید کمی کی جانب چلی اور 100انڈیکس 41 ہزار کی سطح کو برقرار نہ رکھ سکا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے دوران ایک ہزار 183 پوائنٹس گر کر 40ہزار 420پوائنٹس تک گر گئی تھی تاہم کاروبار کا اختتام 948پوائنٹس کمی کے ساتھ 40ہزار 655پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں 169,915,190شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 9,443,410,842بنتی ہے۔ شئیرز کی قیمت کم ہونے سے سرمایہ کاروں کے 150ارب روپے ڈوب گئے۔