20 دسمبر ، 2019
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 214 فیصد گیس کی قیمت میں اضافہ کرکے بھی لوڈشیڈنگ کرنا عمران خان کی بدترین نالائقی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔
ملک بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس کی بندش کے باعث شہری پریشان ہیں۔
اس معاملے پر اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 214 فیصد گیس کی قیمت میں اضافہ کرکے بھی لوڈشیڈنگ کرنا عمران خان کی بدترین نالائقی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کے گھریلو صارفین، صنعتیں اور تندور والے سب ہی عمران خان کی نالائقی کی سزا بھگت رہے ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کیا گیا لیکن لوڈشیڈنگ پھر بھی ختم نہیں ہوئی، عمران خان کی نالائق اور نااہل حکومت عوام کے تندور نہیں چلاسکتی، ملک کی معیشت کیسے چلائے گی؟
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر ملک کو بند کرنے کے وعدے پورے ہوگئے اور آج صنعت، فیکٹری اور دکان کے بعد تندور بھی بند ہوگئے ہیں، 12 گھنٹے سے گیس کی لوڈشیڈنگ جاری اور صنتعوں کو گیس فراہمی بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دی لیکن نئے پاکستان میں قوم پھر گیس کی لوڈشیڈنگ کے عذاب کا شکار ہوگئی، نوازشریف نے 5 سال میں ایک روپیہ گیس کی قیمت نہیں بڑھائی اور نوازشریف نے صعنتوں کو بلاتعطل گیس فراہمی یقینی بنائی۔
یاد رہے کہ سندھ میں بھی گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے اور سندھ حکومت نے بھی وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔