21 دسمبر ، 2019
کراچی کے جناح اسپتال لائی جانے والی 2 نامعلوم لاشوں کا معمہ حل نہ ہوسکا، پولیس کے مطابق لاشوں کی شناخت بائیو میٹرک کی مدد سے کی جائے گی۔
جناح اسپتال کراچی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق گذشہ رات نامعلوم افراد 2 لاشیں جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں چھوڑ کر چلےگئے تھے۔
ڈاکٹرسیمی جمالی کا کہنا ہے کہ دونوں لاشوں کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا،شبہ کے ہے دونوں کو الگ الگ گاڑیوں میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی کلوزسرکٹ فوٹیج کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ، پولیس اور رینجرز سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لاشوں کی شناخت بائیو میٹرک کی مدد سے کی جائے گی جس کے لیے لاشوں کے فنگر پرنٹس لیے جائیں گے، اسپتال کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی مدد سے لاشوں کو اسپتال چھوڑ کر جانے والی گاڑی کا معلوم ہوسکے گا۔
دونوں لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے جنہیں سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
جناح اسپتال میں نامعلوم افراد کی جانب سے 2 لاوارث لاشیں چھوڑنے کے حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
فوٹیج میں رکشے سے چند افراد کولاش کو نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، لاش 3 افراد اسٹریچر پرڈال کراسپتال کی ایمرجنسی میں لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی لاش مبینہ طور پر ٹیکسی کے ذریعے اسپتال منتقل کی گئی اور دوسری لاش رکشہ کے ذریعے اسپتال منتقل کی گئی۔
جناح اسپتال میں دونوں افراد کی لاشوں کاپوسٹ مارٹم مکمل کرلیاگیا ہے۔ میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) جناح اسپتال ڈاکٹر پردیپ کمار کا کہان ہے کہ لاشوں پرکسی قسم کے تشددکے شواہد نہیں ملے۔
ڈاکٹر پردیپ کمار نے بتایا کہ اسپتال پہنچنے سے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے پہلے دونوں افراددم توڑ چکے تھے، دونوں لاشوں سے مجموعی طور پر 8 نمونے حاصل کیے گئے۔
ایم ایل او کے مطابق لاشوں کو جناح اسپتال سے سردخانے منتقل کردیا گیا ہے۔