22 دسمبر ، 2019
لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف نے بگ بیش لیگ میں اپنے دوسرے ہی میچ میں تباہ کن بولنگ سے کرکٹ حلقوں میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔
حارث رؤف آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنے پہلے میچ میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
ہوبارٹ ہیوری کینز کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں حارث رؤف نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
حارث رؤف نے مخالف ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو کلین بولڈ کیا جب کہ دو کھلاڑیوں کو کیچ آؤٹ کرایا، انہوں نے 27 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو شکار کیا۔
اس شاندار کارکردگی لاہور قلندز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ حارث رؤف سے اسی کارکردگی کی توقع تھی، غیر معمولی پرفارمنس پر حارث رؤف کو مبارکباد دیتا ہوں۔
عاطف رانا نے کہا کہ پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ثمرات ملنے پر خوشی ہے، لاہور قلندرز کا اسٹار اب میلبرن اسٹارز کا بھی اسٹار بن گیا ہے۔
ڈائریکٹر کرکٹ لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کو محنت کا پھل مل رہا ہے، نوجوان فاسٹ بولر نے اپنی بولنگ سے خوش کر دیا ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ بولروں کے لئے آسٹریلیا میں کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں، امید ہے حارث رؤف اپی فارم برقرار رکھے گا۔