22 دسمبر ، 2019
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ چین میں ایغور مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر آواز اٹھائیں۔
چین کے سنکیانگ ریجن میں ایک کروڑ سے زائد ایغور مسلمان آباد ہیں جنہیں مبینہ طور پر حراستی مراکز میں رکھا جارہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ امریکا نے ایغور اور دیگر مسلم اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کے باعث چین کی 28 سرکاری تنظیموں اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔ امریکا کا کہنا تھا کہ چین میں مسلم اقلیت پر ظالمانہ جبر کو برداشت نہیں کرے گا۔
اس کے علاوہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی چین میں مسلم اقلیت پر ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ ایک امریکی ٹک ٹاک اسٹار فیروزہ عزیز نے چین کے مسلمانوں کی حالتِ زار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ویڈیو بنائی تھی جو خوب وائرل ہوئی تھی تاہم اب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی چین میں مسلم اقلیتوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں چین کے مسلمانوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کیا اور وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چین میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں، مسلم امہ کو متحد کرنے کی بات ہوتی ہے تو چین کے مسلمان بہن بھائی بھی اس میں شامل ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان میں چینی سفارتخانے کو بھی ٹیگ کیا اور اپیل کی کہ چین میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے۔
واضح رہے کہ چین میں ایغور مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک پر سوشل میڈیا پر متعدد صارفین غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور اِس وقت ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں چائنا کلنگ مسلم کا ہیش ٹیگ سرفہرست ہے۔