پاکستان
Time 22 دسمبر ، 2019

وزیراعظم عمران خان قوم کو لیڈ نہيں کرسکتے تو کرسی چھوڑدیں: سراج الحق کا مطالبہ

اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر  سراج الحق نے وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ 

اسلام آباد میں کشمیر مارچ سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی تقریر سے بڑھ کر آج تک میرے وزیرا‏عظم نے کوئی عمل نہیں کیا، عمران خان اگر قوم کی قیادت نہيں کرسکتے تو کرسی چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہے تاکہ گریٹر ہندوستان کا منصوبہ مکمل ہوسکے، مودی کے منشور کا حصہ تھا کہ مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف تحریک چلائے گا، مودی کہتا ہے اب گلگت بلتستان اور مظفرآباد کو بھارت کا حصہ بنائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے او آئی سی کا اجلاس پاکستان میں بلانے اور بھارت کے لیے فضائی راستے بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی ڈیسک قائم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ایک ایسا ٹولہ مسلط کیا گیا ہے جن میں کوئی صلاحیت نہیں، حکومت نے سنجیدہ موضوعات کو بھی مذاق بنایا ہے، قومی اداروں کو برباد کیا جارہا ہے اور کرپشن کی نئی تاریخ قائم ہورہی ہے، حکومت سے جب گلہ کرو تو کہتے ہیں کہ حکومت ملی ہے اختیارات نہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھی اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی پاک فوج کی دیوا سیکٹر میں جوابی کارروائی میں بھارتی پوسٹیں اور کئی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

مزید خبریں :