مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی

 ذیلی کمیٹی نے اپنی سفارش کابینہ کو بھیج دی ہیں،حتمی فیصلہ کابینہ کو کرنا ہے ،سرکاری وکیل کا موقف، فوٹو،فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی دوسری درخواست پر  سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

 لاہور ہائیکورٹ میں  ای سی ایل سے نام نکالنے  کے لیے دائر دوسری درخواست کی سماعت کے موقع پر مریم نواز کے وکلاء نے کہا کہ 14دن ہوگئے ہیں لیکن وفاقی کابینہ نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، مریم نواز کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس باقر نجفی نے کہاکہ جب تک حکومت کا کوئی فیصلہ نہیں آتا عدالت کیسے فیصلہ کر سکتی ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ذیلی کمیٹی نے اپنی سفارش کابینہ کو بھیج دی ہیں، حتمی فیصلہ کابینہ کو کرنا ہے جو کل متوقع ہے، جس پر عدالت نے سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی 2 درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

ان درخواستوں میں مریم نواز نے استدعا کی ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام ڈالنےکا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے اور حکومت کو ای سی ایل سے نام نکالنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ 

پہلی  درخواست پر 9 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو 7 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تمام سفارشات وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی جس کے بعد مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے کا حتمی فیصلہ بھی اجلاس میں کیا جائے گا۔

مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے دوسری درخواست 21 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جس کی سماعت اب 26 دسمبر کو ہو گی۔

'پی ٹی آئی میں سب مریم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر متفق ہیں'

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں سب کی رائے یہ ہے کہ مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہ نکلے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں سب کو مریم نواز کے معاملے پر بریف کیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان سمیت سب نے ان کا نام نہ نکالنے پر اتفاق کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عدالت بھی مریم نواز کے حق میں فیصلہ دیتی ہے تو ہم اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

مزید خبریں :