23 دسمبر ، 2019
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو آسٹریلیا میں ورلڈ کپ سے قبل خود کو باؤنسی وکٹوں پر کھیلنے کے قابل بنانا ہو گا۔
ملائیشیا میں پاکستان ویمن ٹیم نے سخت حریف انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی۔ دو ون ڈے میچوں میں اسے شکست ہوئی جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا ۔
آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ اس سیریز میں دو صفر سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم آئی سی سی چیمپئن شپ میں چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔
ملائیشیا سے وطن واپسی پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھرپور تیاری کی تھی جب کہ پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف ہوم سیریز بھی جیتی ہوئی تھی لیکن نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان بہت فرق ہے ،انگلینڈ ٹیم رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے مگر انفرادی طور پر دیکھا جائے تو کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
بسمہ معروف کہتی ہیں کہ ابھی ٹیم میں کچھ خامیاں ہیں جب کہ غلطیاں بھی ہوئی ہیں ۔
بسمہ معروف نے کہا کہ ندا ڈار اور ثنا میر کی اچیو منٹس قابل فخر ہیں ،ندا ڈار نے ویمن بی بی ایل میں حصہ لیا جس سے انہیں بہت فائدہ ہوا جب کہ ثنا میر وزڈن ٹیم میں شامل ہوئی ہیں اور یہ اعزازات پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے بہت بڑے ہیں ۔
بسمعہ معروف نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ہونا خوش آئند ہے ،پاکستان ویمن کی بھی تمام سیریز پاکستان میں ہوں تو یقینی طور پر پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
بسمہ معروف کا ماننا ہے کہ پاکستان ٹیم نے اب ورلڈ کپ آسٹریلیا میں کھیلنا ہیں ،وہاں کنڈیشنز بہت مشکل ہوتی ہیں ان کنڈیشنز کے مطابق خود کو ڈھالنا سب سے بڑا ٹارگٹ ہے ۔
ان کا کہنا تھاکہ کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ سے قبل باونسی وکٹوں پر کھیل کر خود کو تیار کریں ۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بھی آسٹریلیا میں کھیلنی ہے اور وہیں ٹیم کا دس دن کا کیمپ بھی لگایا جائے گا ۔