پاکستان
Time 24 دسمبر ، 2019

2019 کا آخری سورج گرہن پاکستان میں کب دیکھ سکیں گے؟

فوٹو: فائل

رواں برس کے ابتدائی 2 سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھے گئے لیکن سال کا آخری یعنی تیسرا سورج گرہن پاکستان میں دیکھا جا سکے گا۔

سال کا پہلا جزوی سورج گرہن 6 جنوری کو ہوا تھا جو پاکستان میں نہیں دیکھا گیا تھا جب کہ 2 اور 3 جولائی کی درمیانی شب سورج کو مکمل گرہن لگا تھا لیکن یہ بھی پاکستان میں نہیں دیکھا گیا تھا۔

اب دو دن بعد یعنی 26 دسمبر 2019 کو سال کا تیسرا سورج گرہن ہوگا جسے پاکستان میں دیکھا جا سکے گا۔

پاکستان میٹرو لوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق یہ سورج گرہن پاکستان میں 20 سال پہلے 1999 میں جزوی طور پر دیکھا گیا تھا۔

سورج گرہن صبح 7 بجے سے نظر آئے گا جو دوپہر 1 بجے ختم ہوجائے گا جسے کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد سے لے کر گلگت تک دیکھا جا سکے گا۔

کراچی میں سورج گرہن صبح 7 بج کر 34 منٹ پر شروع ہوگا اور اسے 8 بج کر 58 منٹ پر واضح دیکھا جا سکے گا۔ شہر قائد میں سورج گرہن کا دورانیہ 2 گھنٹے اور 32 منٹ پر مشتمل ہوگا اور  یہ صبح 10 بج کر 19 منٹ پر ختم ہوجائے گا۔

دیگر شہروں میں سورج گرہن کے اوقات

اسلام آباد میں سورج گرہن صبح 7 بج کر 50 منٹ پر شروع ہوگا جو کہ 8 بج کر 58 منٹ پر واضح دیکھا جا سکے گا اور یہ صبح 10 بج کر 15 منٹ پر ختم ہوجائے گا۔

لاہور میں سورج گرہن صبح 7 بج کے 47 منٹ پر شروع ہو گا جو کہ 8 بج کے 58 منٹ پر واضح دیکھا جا سکے گا اور یہ صبح 10 بج کر 19 منٹ پر ختم ہو گا۔

پشاور میں سورج گرہن کا دورانیہ 2 گھنٹے 25 منٹ ہوگا اور اس آغاز صبح 7 بج کے 48 منٹ پر ہو گا جب کہ 8 بج کے 56 منٹ پر اسے واضح دیکھا جا سکے گا۔ 

اس سال کے آخری سورج گرہن کو ’رنگ آف فائر‘ کا نام دیا گیا ہے کیوں سورج کو جب گرہن لگے گا تویہ مکمل طور پر چاند کی وجہ سے ڈھک چکا ہوگا اور گرہن کی وجہ سے صرف سورج کے کنارے ہی نظر آئیں گے۔

مزید خبریں :