25 دسمبر ، 2019
بھارتی ویب سائٹ نے گلوکار عاطف اسلم کے دوسرے بیٹے کا نام ’الحمداللہ‘ لکھنے پر معافی مانگ لی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل عاطف اسلم کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا اعلان گلوکار نے معروف فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کیا تھا۔
عاطف اسلم نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے ننھے سے بیٹے کی خوبصورت تصویر شئیر کرتے ہوئے کیپشن لکھا تھا کہ ’ہمارے ہاں نئے مہمان کی آمد ہوئی ہے، الحمداللہ‘۔
گلوکار کے بیٹے کی پیدائش کی خبر بھارتی ویب سائٹ ’دیسی مارٹنی‘ پر نشر کی گئی تھی جس کی ہیڈلائن کے مطابق ’عاطف اسلم کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام ’الحمداللہ‘ رکھا گیا ہے۔
اس خبر کے نشر ہوتے ہی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے بھارتی ویب سائٹ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب کہ متعدد صارفین نے خوب مذاق بھی اڑایا۔
اس تمام تر صورتحال کے بعد بھارتی ویب سائٹ کی جانب سے ٹوئٹر پر اس غلطی کی معافی مانگی گئی اور ویب سائٹ نے اپنی غلطی ٹھیک بھی کر دی۔
واضح رہے کہ گلوکار عاطف اسلم اور سارہ 2013 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام ’احد‘ ہے۔